منگلورو9 / جولائی (ایس او نیوز) جاری تعلیمی سال کے دوران جنوبی کینرا اوراڈپی ضلع کے 55 سرکاری پرائمری اسکولوں کی پہلی جماعت میں ایک بھی طالب علم کا داخلہ نہیں ہوا ہے۔
30 جون تک کے لئے دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے تحت جن سرکاری اسکولوں میں پہلی جماعت میں صفر داخلہ ہوا ہے اس سے لگتا ہے کہ اگر یہی رجحان برقراررہا تو پھرمستقبل قریب میں یہ اسکول بند ہوجائیں گے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جنوبی کینرامیں پہلی جماعت میں صفرداخلے والے سرکاری پرائمری اسکولوں کی تعداد 24 ہے جن میں پتور تعلقہ 2 ، بنٹوال 4، بیلتنگڈی 3، منگلورو نارتھ 2، منگلورو ساوتھ 2، موڈبیدری 3 اور سولیا تعلقہ کے 8 اسکول شامل ہیں۔
جبکہ اڈپی ضلع میں صفر داخلے والے پرائمری اسکولوں کی تعداد 31 ہے اور اس میں اڈپی 4، برہماور 4، کنداپور5، بیندور9 اور کارکلا تعلقہ کے 9 اسکول شامل ہیں۔
اس صورتحال پرتبصرہ کرتے ہوئے جنوبی کینرا کے ڈی ڈی پی آئی دیانند آر نے بتایا:" اسکولوں میں داخلہ لینے کے لئے ابھی وقت باقی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس دوران کچھ طلبہ پہلی جماعت میں داخلہ لینے کے لئے آجائیں۔"
اڈپی ضلع کے ڈی ڈی پی آئی گنپتی نے بتایا: " سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے لئے سازگار ماحول موجود ہے۔ اس حقیقت سے والدین کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔ ہر کسی کو تعلیم کے لئے بچوں کو اپنے گاوں میں موجود اسکولوں میں بھیجنا چاہیے اوران اسکولوں کو باقی رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔"